Blog

نیٹ میٹرنگ

 

نیٹ میٹرنگ ایک ایسا طریقہ ہے جس کے ذریعے سولر سسٹم سے بننے والی اضافی بجلی کو نیشنل گرڈ میں بھیجا جاتا ہے پھر اس اضافی بجلی کو نیشنل گرڈ سے یونٹس یا رقم کی صورت میں واپس لیا جا سکتا ہے جس سے بجلی کے بل میں کمی آتی ہے
مثال کے طور پر جب کسی کسٹمر کے سولر پاور سسٹم کی نیٹ میٹرنگ ہوئی ہوتی ہے تو دن کے وقت سولر سے استعمال سے زائد بننے والی بجلی کو نیشنل گرڈ میں بھیج دیا جاتا ہے اور پھر رات کے وقت اتنی ہی بجلی بغیر کسی چارجز کے واپس استعمال کی جا سکتی ہے
نیٹ میٹرنگ کے لیے بائی ڈائریکشنل پاور میٹر کو ہائبرڈ یا آن گرڈ انورٹر کے ساتھ باہم جوڑا جاتا ہے اس تھری فیز پاور کنیکشن کو گرین میٹر یا دو طرفہ میٹر بھی کہا جاتا ہے زائد بجلی کو نیشنل گرڈ میں ڈالنے یا واپس استعمال میں لانے کے لیے تھری فیز پاور کنیکشن کا استعمال ہوتا ہے۔
 پاکستان سورج کی روشنی سے مالامال ہے اگر ہم نیٹ میٹرنگ کے بغیر سولر سسٹم لگواتے ہیں تو اضافی پیدا ہونے والی انرجی یا بجلی ضائع ہو جاتی ہے۔
نیٹ میٹرنگ پاکستان میں اب کوئی نئی چیز نہیں ہے نیٹ میٹرنگ سے ہم تجارتی اور گھریلو دونوں سطح پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس سے آپ اضافی بجلی جو آپ واپڈا کو بیچتے ہیں آپ کے اکاؤنٹ میں جمع رہتی ہے یا آپ اس اضافی بجلی کے بدلے واپڈا سے کیش بھی وصول کر سکتے ہیں۔
 واپڈا کو بیچی گئی اضافی بجلی سے آپ سردیوں یا پھر بارشوں کے موسم میں سورج نہ نکلنے کی صورت میں اپنے بل بھی ادا کر سکتے ہیں۔ 
نیپرا نے ستمبر 2015 میں ایک میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے والے سولر انرجی سسٹم کے لیے نیٹ میٹرنگ کے ضوابط وضع کیے۔ پہلی دفعہ نیٹ میٹرنگ ایک میگا واٹ سولر انرجی سسٹم پر فروری 2016 میں پارلیمنٹ ہاؤس میں کی گئی۔اب نیٹ میٹرنگ عام ہوتی جا رہی ہے کاروباری افراد کی طرف سے اسے مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے کیونکہ وہ اس کی مدد سے اپنی بجلی کی لاگت کو 80 فیصد تک کم کر سکتے ہیں اور اپنی اشیاء بنانے کی لاگت کم کر کے اپنے منافع میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔  آلٹرنیٹو انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق 31 اکتوبر 2021 تک 16066 نیٹ میٹرنگ والے سولر انرجی سسٹم لگائے جا چکے ہیں جن کی استعداد 268.69 میگاواٹ ہے۔
 نیٹ میٹرنگ کے فوائد 
 پاکستان میں نیٹ میٹرنگ ایک حقیقت 
سولر انرجی سسٹم کے فوائد کی آگہی بڑھنے سے زیادہ سے زیادہ لوگ سولر سسٹم لگوا رہے ہیں اور پاکستان میں نیٹ میٹرنگ اب ایک حقیقت بن چکی ہے۔ اس سے کاروبار اور گھریلو دونوں سطح پر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
 کم لاگت اور آسان انسٹالیشن 
نیٹ میٹرنگ والے سولر انرجی سسٹم میں بیک اپ کے لئے مہنگی بیٹری کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ واپڈا کا گرڈ ہی بیک اپ کا کام کر رہا ہوتا ہے۔ دن کے وقت پیدا ہونے والی اضافی بجلی جو آپ واپڈا کو دے رہے ہوتے ہیں رات کو یہی بجلی آپ واپس استعمال کر سکتے ہیں۔
بیٹریز کی ضرورت نہ ہونے کی وجہ سے نیٹ میٹرنگ والا سولر انرجی سسٹم سستا پڑتا ہے۔ نیٹ میٹرنگ والے سسٹم میں بیٹریز والے سسٹم کی نسبت بچت بھی زیادہ ہوتی ہے۔
دوسرا کم کمپوننٹس کی وجہ سے اس کی انسٹالیشن اور مستقبل میں دیکھ بھال بھی آسان ہوتی ہے  
 قدرتی وسائل کا استعمال 
نیٹ میٹرنگ سے لوگوں کو قدرتی وسائل کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے اس سے ناقابل تجدید وسائل کو بچایا جا سکتا ہے جس سے ہم ماحول کو ماحولیاتی آلودگی سے بھی پاک بنا سکتے ہیں۔ 
 نیشنل گرڈ پر کم دباؤ 
 نیٹ میٹرنگ سے سولر سسٹم نا صرف چھوٹے پیمانے پر بلکے بڑے پیمانے پر بھی عوام کے لیے بہت فائدہ مند ہے اس سے نیشنل گرڈ پر دباؤ کم ہوتا ہے اور بجلی کی ترسیل کا نظام مستحکم رہتا ہے 
 کیا صارفین براہ راست/خود نیٹ میٹرنگ کی درخواست دے سکتے ہیں 
جی نہیں۔ آپ خود درخواست نہیں دے سکتے۔ نیٹ میٹرنگ کے لیے آپ کو AEDB سے تصدیق شدہ سولر کمپنی یا انسٹالر پر انحصار کرنا پڑتا ہے 
 نیٹ میٹرنگ کا مکمل خرچہ 
نیٹ میٹرنگ کا مکمل خرچہ 150,000 تک ہے جس میں لوڈ ایکسٹینشن فیس، ڈاکومنٹس چارجز، ارتھنگ، اور بورنگ جو کہ سولر انرجی سسٹم کے تحفظ کے لئے ضروری ہے، شامل ہیں ۔
 نیٹ میٹرنگ کے لیے کیسے درخواست دی جاتی ہے 
نیٹ میٹرنگ کا طریقہ بہت آسان ہے ہماری ٹیم ہر قدم پر درخواست دینے میں آپ کی مدد کرے گی۔ 
سب سے پہلے مرحلے میں آپ کو نیٹ میٹرنگ کے قواعد و ضوابط کے مطابق سولر سسٹم لگوانے/انسٹال کرنے کی ضرورت ہے
دوسرے مرحلے میں ہم آپ کی طرف سے درخواست تیار کریں گے اور متعلقہ سرکاری ادارے Disco یا k-Electric وغیرہ میں جمع کرائیں گے۔ 
درخواست ملنے کے بعد Disco اس کا ریویو کرتا ہے اور آپ کے گھر میں نصب سولر سسٹم کے نظام کا معائنہ کرے گا۔ مکمل اطمینان کے بعد NOC جاری کر دیا جاتا ہے اس کے بعد اپ کو متعلقہ DISCO کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کرنے ہوتے ہیں پھر آپ کا پرانا میٹر اتار کر نیٹ میٹرنگ والا میٹر جسے گرین میٹر بھی کہتے ہیں لگا دیا جاتا ہے۔
 بعض دفعہ سرکاری ادارے کام میں تاخیر کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے نیٹ میٹرنگ کے پورے عمل میں دو سے چھ ماہ لگ جاتے ہیں۔